پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ، جمائما گولڈ سمتھ نے پاکستان سے موصول ہونے والی تمام ای میلز کو بلاک کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انہوں نے یہ اقدام آن لائن ہراسانی سے تنگ آ کر اٹھایا، جیسا کہ انہوں نے جمعہ کی شام ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں بتایا۔
جمائما نے لکھا:
"ان پاکستانی دوستوں کے لیے جو مجھ سے مہذب انداز میں رابطہ کرنا چاہتے ہیں، میں معذرت خواہ ہوں، لیکن مجھے سائبر ہراسانی کی وجہ سے پاکستان سے آنے والی تمام ای میلز کو بلاک کرنا پڑا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ مہم پی ٹی آئی کے مایوس مخالفین کی طرف سے چلائی جا رہی ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ’ایکس‘ کو بھی انہی مخالف عناصر نے بند کیا ہے، اور اب صرف وی پی این استعمال کرنے والے ہی اس پلیٹ فارم تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
جمائما کا کہنا تھا:
"پاکستانی سیاست ایک ایسا ’تحفہ‘ ہے جو مجھے اس ملک کو چھوڑے 20 سال ہو چکے ہیں، لیکن پھر بھی مسلسل موصول ہوتا رہتا ہے۔"
پاکستان کی سیاست میں جب بھی عمران خان پر تنقید کی جاتی ہے تو جمائما گولڈ سمتھ کا ذکر بھی اکثر سامنے آتا ہے، چاہے وہ سوشل میڈیا ہو یا ٹی وی کے سیاسی ٹاک شوز۔ کچھ سیاسی رہنما اپنے جلسوں میں بھی ان کا حوالہ دیتے رہے ہیں۔

No comments:
Post a Comment